میٹرو اور بی آر ٹی بس سروس کل سے شروع

May 15, 2021 | 17:08:PM

 (24نیوز)این سی او سی کے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں کل اتوار سے میٹرو بس سروس شروع کر دی جائے گی۔
اسی طرح پشاور میں بی آر ٹی سروس بھی بحال کردی جائے گی۔ ترجمان ٹرانس پشاورمحمد عمیر خان کے مطابق بس سروس صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک فعال رہے گی۔ بس سروس کو کرونا وائرس سے ممکنہ بچاﺅ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔

ترجمان کے مطابق بی آر ٹی میں سفر ماسک سے مشروط ہے۔ ماسک کے بغیر کسی کو بی آر ٹی میں سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ شہری کورونا وائرس کی علامات ہونے کی صورت میں بی آر ٹی میں ہرگز سفر مت کریں۔ 
واضح رہے حکومت نے کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے عید پر لگائے گئے ملک گیر لاک ڈاﺅن ختم کرنے کا اعلان کر دیا اور ایس اوپیز جاری کر دیئے ہیں۔
ہفتے کووفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں عید کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے عید تعطیلات میں ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق اطمینان کا اظہار کیا۔
عوام کی سہولت اور عید پر آبائی علاقوں کو گئے لوگوں کی واپسی کیلئے ٹرانسپورٹ پر پابندی ختم کر دی ،جس کے تحت بین الصوبائی انٹر سٹی اور انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ 17 کے بجائے 16 مئی سے 50 فیصد مسافروں کیساتھ بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 16 مئی سے تاحکم ثانی پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کیساتھ چلائی جائیگی جبکہ ریل گاڑیاں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائیں گی۔میٹرو بس سروس بھی کل اتوار سے چلائی جا ئے گی۔
 اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ 17 مئی سے مارکیٹیں اور دکانیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی، مارکیٹوں اور دکانوں کے اوقات کار 17 مئی سے تاحکم ثانی یہی رہیں گے، 17 مئی سے سرکاری اور نجی دفاتر کے اوقات کار معمول کے مطابق ہوں گے، 50 فیصد عملہ گھر اور 50 فیصد دفاتر میں کام کرے گا۔
این سی او سی نے کہا کہ 19 مئی کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا، عوام ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، عوام ترجیحی بنیادوں پر 1166پر ویکسین کی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے متعلقہ اداروں اور ایجنسیوں کو سختی سے ایس او پیز پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں۔ ویکسین ، آکسیجن اور ادویات کیساتھ بھارتی وزیراعظم بھی غائب، راہول گاندھی

مزیدخبریں