آٹو گراف والی قمیض کی خریداری کیلئے بھاری معاوضے کی پیشکش

May 15, 2022 | 15:42:PM

 (ویب ڈیسک)پی ٹی آئی کے لکی مروت جلسے میں ایک بچے کو عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر  زار و قطار  روتے دیکھا گیا تھا جس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
 چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کرنے والا نویں جماعت کا طالب علم ابو بکر دیکھتے ہی دیکھتے جہاں سوشل میڈیا اسٹار  بن گیا وہیں ابوبکر نے عمران خان کے آٹو گراف والی قمیض کے عوض ملنے والی کروڑوں کی پیشکش بھی ٹھکرا دی۔

بعد ازاں پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے بچے کو عمران خان سے ملاقات کے لیے بنی گالہ پہنچایا جہاں ابوبکر نے عمران خان کو بطور تحفہ انگوٹھی دی تھی جبکہ عمران خان نے بھی ابوبکر کو گلے لگاتے ہوئے ان کی قمیض پر آٹوگراف دیا تھا۔

 خبریں سرگرم ہیں کہ ابوبکر کی آٹو گراف والی قمیض کی خریداری کے لیے ایک مایہ ناز  تاجر کی جانب سے رجوع کیا گیا اور انہیں بھاری معاوضے کی پیشکش بھی کی گئی تاہم اب اس حوالے سے ابوبکر کا ایک انٹرویو کلپ پی ٹی آئی کے آفیشیل پیچ پر شیئر کیا گیا ہے جس میں انھیں موصول ہونے والی پیشکش پر بات کرتے دیکھا گیا۔

ویڈیو انٹرویو میں ابوبکر کو عمران خان کا آٹوگراف دی گئی قمیض ہی پہنے دیکھا جاسکتا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ انھیں اس قمیض کے لیے پہلے ایک کروڑ اور پھر 6 کروڑ کی پیشکش کی گئی لیکن دنیا کی 7 تہوں میں سے لائے گئے ہیرے جواہرات بھی اگر میرے سامنے رکھ دیے جائیں میں تب بھی عمران خان کی یہ سائن کی گئی قمیض کسی کو نہیں بیچوں گا۔

ابوبکر نے یہ بھی کہا کہ قمیض بیچنے کا ارادہ اگر ان شاء اللہ کبھی بنا تو میں اس کے لیے ایک آکشن کروں گا اور یہ شرٹ جس قیمت میں بھی فروخت ہوئی میں اس سے حاصل ہونے والی رقم شوکت خانم میں عطیہ کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں:      عمران خان کی طرح ہر جگہ بھیک نہیں مانگیں گے،بلاول بھٹو

مزیدخبریں