جیالوں کو مبارکباد،ہم نے سلیکٹڈ کو آئینی طریقے سے گھر بھیج دیا، بلاول بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کاکہناہے کہ جیالے جب میدان میں نکلتے ہیں تو کامیاب ہوتے ہیں ،جمہوریت کی جیت پر جیالوں کو مبارکباد، ہم نے نااہل اور نالائق سلیکٹڈ کو آئینی طریقے سے گھر بھیجا۔
بحیثیت وزیر خارجہ پہلی مرتبہ کراچی آمد کے بعد منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی خدمت اورجمہوریت پریقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جیالوں نے آمرضیاالحق کا مقابلہ کیا، آپ نے جمہوری جدوجہد کے ذریعے آمرمشرف کو بھی گھر بھیجا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری نے جیلوں کو برداشت کیا لیکن اصولوں پرسمجھوتہ نہیں کیا،ہم نے پہلے واضح کر دیا تھا کہ سلیکٹڈ راج کوقبول نہیں کریں گے، ہم نے پارلیمان کا راستہ اپنایا اور جمہوری طریقے سے سلیکٹڈ کو گھر بھیجا، سلیکٹڈ کہتا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں ان کے خلاف سازش ہوئی، وائٹ ہاوَس میں نہیں ،بلاول ہاؤس میں آپ کے خلاف سازش ہوئی۔
چیئرمین پی پی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سلیکٹڈ اب کہتا ہے یہ بیرونی سازش ہے، ہم نے سیاسی مخالفت بھول کر سب جماعتوں کے ساتھ مل کر پی ڈی ایم قائم کی، پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی تو ہماری حکمت عملی واضح تھی، شروع میں ہمارے اپنے ساتھیوں نے بھی ہماری بات نہیں مانی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عمران خان نے اپنی ضد کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کو تنہا کردیا،عمران خان غیر جمہوری اقدام کا مطالبہ کررہا ہے،عمران خان ”مجھے کیوں نہیں بچایا“تحریک چلا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی زندگی کو خطرہ ۔۔حکومت کو خط مل گیا