(احتشام کیانی) عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مرکزی پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کو کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر شیریں مزاری کے علاج کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع
رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے استفسار کیا کہ اس عدالت نے فواد چوہدری کو گرفتار کرنے سے روکا تھا، اس کے باوجود اسلام آباد پولیس نے فواد چوہدری کو گرفتار کر لیا، سپریم کورٹ میں پولیس کو بتایا لیکن انہوں نے عدالتی حکم کو نہیں مانا۔
چیف جسٹس عامر فاروق کے حکم نامے کی کاپی عدالت کے سامنے پیش کرتے ہوئے فواد چوہدری کے وکیل نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کورٹ میں تھے ان کی موجودگی میں یہ آرڈر ہوا تھا، عدالت نے آئی جی کو حکم دیا تھا کہ وہ فواد چوہدری کو گرفتار نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد: حساس ادارے کے دفتر پر حملہ، مرکزی ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا
عدالت نے آئی جی اسلام آباد اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو کل کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ریکارڈ کے ساتھ عدالت کے سامنے پیش ہوں۔