پی ٹی آئی کی جانب سے توڑ پھوڑ ،راولپنڈی سے حیران کن اعدادوشمار سامنےآ گئے

May 15, 2023 | 18:51:PM

(24 نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے شر پسند عناصر کی جانب سے توڑ پھوڑ کے بعد روالپنڈی میں حکومتی خزانے کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے، 24 نیوز کو موصول ہونے والے اعدادوشمار میں حیران کن تفصیلات سامنےآئی ہیں ۔ 

تفصیلات کےمطابق چیئر مین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے توڑ پھوڑ کے باعث ہونے والے نقصان اور تخمینہ کی تفصیلات میں سب سے اوپر جی ایچ کیو  ہےجس کے گیٹ نمبر ایک کو نقصان پہنچایا گیا، تخمینے کے مطابق  گیٹ کی  تعمیر میں 7لاکھ 80 ہزار روپے لاگت آئے گی۔
راولپنڈی سگنلز میس کے مرکزی دروازے سمیت دیگر اشیاء  کو نقصان پہنچایا گیا،جس کا تخمینہ 2لاکھ روپے لگایا گیا ہے،اے ایف آئی سی ہسپتال کا مرکزی دروازہ توڑا گیا

،جس کی تعمیر پر 5لاکھ 90ہزار روپے لاگت آئے گی،سکستھ روڈ میٹرو سٹیشن،ختم نبوت میٹرو سٹیشن کو جلایا گیا ، میٹرو سٹیشنز کی توڑ پھوڑ کی گئی ، میٹروسٹیشنز کے برقی آلات کا تخمینہ ساٹھ ملین یعنی 6 کروڑ روپے لگایا گیا ہے،سول ورکس کے نقصان کے تخمینہ کا جائزہ جاری ہے،فیض آباد میٹرو سٹیشن کے شیشہ اور سائن بورڈ،سکرین،دروازے توڑے گیے،جن کی تنصیب پر 5لاکھ روپے لاگت آئے گی۔

حاصل ہونے والی دستاویزات میں مزید کہا گیا ہےکہ حمزہ آرمی کیمپ کی کھڑکیاں اور شیشہ توڑے گئے ، جن کا تخمینہ 6لاکھ روپے لگایا گیا ہے ،15 خدمت مرکز کی عمارت کو نقصان پہنچایا گیا جس کی مرمت کے لیے 1 لاکھ روپے لگیں گے،ریس کورس میں قائم ٹریفک پولیس دفتر کی عمارت کے شیشے اور کیمرا توڑے گئے ، نقصان کو پر کرنے کے لیے 6لاکھ 60ہزار کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

مزیدخبریں