(24نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد بلال حسن نے درخواست پر سماعت کی،وکیل وفاقی حکومت نے کہاکہ یہ کوئی تعیناتی نہیں، صرف نامزدگی ہے،آئین میں وزیر قانون اور دیگر وزرا کی تعیناتی بھی نہیں ہے۔
جسٹس شاہد بلال حسن نے استفسار کیا کہ کیا نائب وزیراعظم کو کوئی تنخواہ مل رہی ہے؟وکیل وفاقی حکومت نے کہاکہ انہیں وزیر خارجہ کی ہی تنخواہ مل رہی ہے،پہلے جب نائب وزیراعظم نامزد کئے گئے تھے تو اس وقت کوئی تنخواہ نہیں مل رہی تھی،عدالت نے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔