(24 نیوز )اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام ’فرینڈز آف پولیس ‘پروگرام کے تحت شہید ذوالفقار علی بھٹویونیورسٹی آ ف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (SZABIST)کے 25طلباءنے انٹرن شپ مکمل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے شہریوں کوٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے خصوصی فرینڈآف پولیس انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کررکھا ہے اس سلسلے میں اسلام آبادپولیس کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹویونیورسٹی آ ف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (SZABIST)کے 25طلباءپر مشتمل 36ویں بیج نے پروگرام مکمل کر لیا۔
اس سلسلے میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک ،یونیورسٹی طلباءاور اسلام آباد پولیس ایجوکیشن ٹیم کے ممبران شامل تھے،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے خطاب میں نئےآنے والے طلبا کو خوش آمدید کہا ،نئے بیج کے طلبا کا تعلق اقرایونیورسٹی سے ہے ،آئی جی اسلام آباد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے لئے آپ کی ٹریننگ مکمل کرنا اور نئے بیج کا آنا ایک اہمیت کا حامل ہے،میرے لئے سب سے اہم سکول کالجز تک جانا اور بہتر معاشرے کیلئے طلباءکی ذہن سازی کرناتھا،پولیس کے لئے عوامی رائے بدلنا انتہائی مشکل عمل ہے،ہم اپنے پراسیس اور سروسز عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں تاکہ عوام کو پتہ چلے پولیس کیا ہے۔
سید علی ناصر رضوی کا مزید کہنا تھا کہ میں بلند و بالا دعوؤں پر یقین نہیں رکھتا بلکہ عملی طور پر7 /24 کام کررہے ہیں،انہوں نے کہاکہ سپاہی سے لے کر آئی جی تک سب ایک ٹیم کے طور پر کام کررہے ہیں،عوام کی خدمت کرنے والے اللہ کی طرف سے منتخب ہوتے ہیں،مشکل وقت میں سب سے پہلا ردعمل دینے والا محکمہ پولیس ہے،بدلتے دور کے ساتھ پولیس کوںعصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کررہے ہیں،اسلام آباد پولیس 63 شہداءکے خون کی وارث ہے،وردی کسی بھی رنگ کی ہو ہمارا عہد ایک ہی ہے،ہم نے آپ سے وہ تعلق بنایا ہے جو دائمی ہے،پولیس کلچر مثبت عناصر پر مشتمل ہے اس سے منفی عنصر کو ختم کرنا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ہم دوہفتوں کی انٹرن شپ شروع کررہے ہیںجس میںایک ہفتہ عمومی اور ایک ہفتہ خصوصی تربیت پر مشتمل ہے،والنٹیر ان پولیس، فرینڈز آف پولیس کا کردار ایک ہی ہے جس میں جرائم کی بیخ کنی میں عوامی اطلاع سب سے اہم ہے،آئیں ہمارا حصہ بنیں اور مل کر عوامی خدمت کریں ،تقریب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرام کا انعقاد جاری رکھے گی۔