کل تک بندہ ڈھونڈ کر لائیں، ورنہ میں دیکھوں گا کہ سیکرٹری دفاع کو بلانا ہے یا ایجنسیوں کو، جسٹس محسن اختر کیانی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )شاعر احمد فرہاد کے اغواء کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کل تک بندہ ڈھونڈکر لائیں ورنہ میں دیکھوں گا کہ سیکرٹری دفاع کو بلانا ہے یا پھر ایجنسیوں کو ۔
تفصیلا ت کے مطابق شاعر احمد فرہاد کے اغواءکی ایف آئی آر کی کاپی عدالت کے سامنے پیش کر دی گئی ،جسٹس محسن اختر کیانی نے ایس ایچ او کو کہا کہ آپکے نئے آئی جی صاحب کو کہا تھا بندہ اغوا ہو گا تو آپ ذمہ دار ہوں گے، کل ڈویژن بنچ کے بعد تک بندہ ڈھونڈ کر لائیں۔
جسٹس محسن کیانی نے ایس ایس پی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو لگے نامعلوم افراد نے اٹھایا ہے تو ضمنی لکھ کر دیں ،آپ کو پھر ایس ایچ او کے پیچھے کھڑا ہونا پڑے گا، اگر آپ کو کوئی ٹرانسفر کرے گا تو میں اسے دیکھ لوں گا، جو لوگ نظر نہیں آتے قانون ان کے لیے نہیں ہے، کل میں دیکھوں گا سیکرٹری دفاع کو بلانا ہے یا ایجنسیوں کو بلانا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کو کل ہر صورت بازیاب کروا کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
لاپتہ احمد فرہاد کی بھابھی کے کمرہِ عدالت میں ویڈیو بنانے پر جسٹس محسن کیانی نے انہیں روسٹرم پر بلا لیا اور کہا کہ ایک عدالت میں لائیو سٹریمنگ ہو رہی ہے وہی کافی ہے، یہ سہولت تمام جگہوں پر بھی ہو گی تو لوگ اور انجوائے کریں گے، ابھی اس میں وقت لگے گا، خاتون نے ویڈیو بنانے پر عدالت سے معافی مانگ لی۔
یہ بھی پڑھیں : مظفر گڑھ میں ضمنی انتخاب ،الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنادیا