غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری،پناہ گزین کیمپ پرڈرون حملہ، 7 فلسطینی شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)غزہ کے بعد مغربی کنارے پر بھی اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، طولکرم پر 15 گھنٹے مسلسل بمباری سے شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ ہو گیا جبکہ طولکرم کے پناہ گزین کیمپ میں گھر پر ڈرون حملے سے 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔
مقبوضہ مغربے کنارے میں اسرائیلی افواج کی چھاپا مار کارروائیوں کے دوران 2 بچوں سمیت 31 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا یہاں تک کہ ایمبولینس میں جانے والے زخمی کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔مغربی کنارے میں فضائی حملوں چھاپوں اور گرفتاریوں سمیت دیگر کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے اسرائیلی بلڈوزروں نے 70 سے زائد گھروں اور 80 دکانوں کو مسمار کر دیا۔
ضرور پڑھیں:روس نے گوگل پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا
ادھر اسرائیلی افواج کی جانب سے جبالیہ میں 12 رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں مزید 31 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔کمیٹی ٹوپروٹیکٹ جرنلسٹس کا کہنا ہے غزہ میں 7 اکتوبرسے اب تک کم ازکم 42 صحافی جانیں گنوا چکے ہیں، 9 صحافی زخمی جبکہ 3 لاپتا اور 13 گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے غزہ میں جنگی جرائم کے طور پر اسرائیلی حملوں کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
خان یونس میں گھر پر اسرائیلی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد شہید ہوگئے، غزہ میں مسلسل 39 ویں روز جاری اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے مزید فلسطینیوں کی شہادتوں کے بعد شہدا کی تعداد 11 ہزار 500 سے متجاوز ہو چکی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے زیرِ انتظام پارلیمنٹ اور دیگر سرکاری اداروں پر قبضے کا دعویٰ کر دیا۔اسرائیلی افواج کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں تیسرے بڑے پناہ گزین کیمپ الشاطئی پر بھی قبضے کا دعویٰ کیا گیا تاہم حماس نے اسرائیلی فوج کے دعوے مسترد کر دیے۔
حماس کا کہنا تھا کہ خالی اور پہلے سے تباہ کی گئی عمارتوں پر خیالی قبضے کا اسرائیلی دعویٰ فتح ظاہر کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ادھر اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے الشفا اسپتال اور خان یونس میں رہائشی عمارتوں پر بمباری کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے، اسپتالوں میں مریض، طبی عملہ اور ہزاروں فلسطینی محصورہوکر رہ گئے جبکہ ڈاکٹر بجلی اور ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث نوزائیدہ بچوں کی جان بچانے کیلئے انہیں انکوبیٹرز سے نکال کر گرم پانی کے قریب رکھنے پر مجبور ہو گئے۔
امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے الزام لگایا کہ حماس نے الشفاء اسپتال میں ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کرکے اسلحہ ذخیرہ کر رکھا ہے۔حماس کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے ریمارکس غزہ کے اسپتالوں میں مزید 'قتل عام' کو ہوا دے رہے ہیں۔