’ورلڈ کپ میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں‘، بابر اعظم تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبردار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں بابر اعظم نے کہا کہ انہیں وہ وقت اچھی طرح یاد ہے جب سنہ 2019ء میں پی سی بی سے فون کرکے پاکستان ٹیم کی قیادت سنبھالنے کیلئے کہا گیا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ ان 4 برسوں میں انہوں نے کھیل کے میدان میں اور باہر بھی متعدد اتار چڑھاؤ دیکھے لیکن پوری دلجمعی اور جذبے کے ساتھ دنیائے کرکٹ میں پاکستان کی عزت و وقار برقرار رکھنے کیلئے کوشاں رہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ’وائٹ بال فارمیٹ میں پاکستان کی ٹاپ پوزیشن کھلاڑیوں، کوچز اور مینجمنٹ کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ تھی تاہم میں قومی ٹیم کے مداحوں کی جانب سے دی جانے والی اسپورٹ پر ان کا شکر گزار ہوں‘۔
— Babar Azam (@babarazam258) November 15, 2023
انہوں نے مزید کہا کہ ’آج میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس کی کپتان کی حیثیت سے دستبردار ہو رہا ہوں۔ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن میرے خیال میں اس فیصلے کیلئے یہ ایک موزوں وقت ہے‘۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی جاری رکھیں گے اور اپنے تجربے اور لگن سے نئے کپتان اور ٹیم کی سپورٹ کرتے رہیں گے۔
سابق قومی کپتان نے کہا کہ ’کپتانی کی اہم ذمے داری کیلئے مجھ پر اعتماد کرنے پر میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکرگزار ہوں‘۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے صرف ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سے بابراعظم کی ملاقات ہوئی جس کے بعد بابر اعظم کا یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔