لاہوراورملتان میں سموگ ہیلتھ ایمرجنسی نافذ ، جمعہ ،ہفتہ اوراتوارکومکمل لاک ڈاؤن، سکول مزید ایک ہفتہ بند

تمام اسکولز ، کالجز اور یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز کا حکم ، حکومت نے سموگ کے خاتمے کیلئے 10 سالہ پلان بنالیا:مریم اورنگزیب

Nov 15, 2024 | 14:05:PM

Read more!

 (24 نیوز)پنجاب حکومت نے لاہوراورملتان میں سموگ ہیلتھ ایمرجنسی لگادی ،آئندہ جمعہ ،ہفتہ اوراتوارکومکمل لاک ڈاؤن ہوگا، سکولوں ایک ہفتہ مزیدبندرہیں گے۔پنجاب کے تمام اسکولز ، کالجز اور یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز کا حکم ،سینئروزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا حکومت نے سموگ کے خاتمے کیلئے 10 سالہ پلان بنالیا۔مریضوں میں اضافے کے پیش نظراسپتال میں اوپی ڈیزکاوقت رات 8بجے تک کردیاگیا۔سرکاری اسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ،شہرمیں تعمیراتی سرگرمیوں پرکل سے ایک ہفتے تک پابندی ہوگی ۔

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اسموگ کی بگڑتی صورتحال پر لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کرتی ہوں، لاہور اور ملتان میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، دونوں شہروں میں ہفتے سے اگلے اتوار تک تعمیرات پر پابندی لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ڈیسک اور اسپتالوں میں اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، محکموں کو ادویات وافر کرنے کی ہدایت کی جب کہ شہری موٹر سائیکل پر ایمرجنسی کے سوا باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال کریں،بدھ تک ڈیٹا دیکھیں گے، اسموگ ہیلتھ کرائسس میں تبدیل ہو چکا ہے، پنجاب حکومت اسموگ کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے اور اسموگ کی روک تھام کیلئے 10 سال کی پالیسی دے دی ہے۔

ضرورپڑھیں:سموگ تدارک کیس، عدالت کی پنجاب حکومت کو لانگ ٹرم پالیسی بنانے کی ہدایت

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کے مختلف محکمے اسموگ کی روک تھام کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، زگ زیگ ٹیکنالوجی پر نہ آنے والے بھٹے مسمار کیے جارہے ہیں تاہم اسموگ پر قابو پانا ایک لانگ ٹرم پراسیس ہے، اس پر قابو پانے کیلئے تین 3 ماہ کے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سینئر وزیر نے مزید کہا کہ اسموگ کے باعث اسکول مزید ایک ہفتے تک بند رہیں گے، کالجز اور یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز ہوں گی، ریسٹورینٹس کو شام4بجے تک کا وقت دیا ہے تاہم ریسٹورینٹس سے کھانا لے جانے کی اجازت رات 8 بجے تک ہوگی۔

مزیدخبریں