(ویب ڈیسک) لاہور میں اجوکا دوستی انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول میں12 ممالک کے تھیٹر گروپس کی پرفارمنسز کاسلسلہ جاری ہے،چھٹے روزسپین کی ایمبیسی کے تعاون سے مسٹر اینڈ مسز کرافٹ منفرد کھیل پیش کیا گیاجس میں نقاب اوربے نقاب کے امتزاج کو احسن انداز میں فلمایا گیا-
"مسٹراینڈ مسزکرافٹ"کے دوران شروع میں تو تمام شائقین تجسس میں رہے کہ آخر کاغذ نما نقاب کے پیچھےہے کون ؟ یہ کھیل ماسک میکنگ پابلو دیوران روجاس کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے کیونکہ اس کھیل میں سپین اور اٹلی کے فنکار یہ شاہکار پیش کرتے نظر آئے، ضائع شدہ مواد کو کارآمد بنا کر کاغذ کی شکل میں پیش کرنا مکمل جذبات کی عکاسی ہے۔
فیسٹیول میں پینل ڈسکشن آج ہو گی جس میں امریکہ،چین،اٹلی،پاکستان اور بھارت کے دانشور اکٹھے بیٹھ کر مختلف بین الاقوامی امور پر گفتگو کریں گے،اجوکا کے چالیس سال مکمل ہونے پر نیا ترانہ بھی زبان زدعام ہے۔
دوستی فیسٹیول میں آج معروف رقاصہ شیما کرمانی بھی اپنے فن کاایک بار پھر مظاہرہ کریں گی،اجوکا دوستی انٹرنیشنل تھیٹر فیسٹیول 17 نومبر اتوار کے روز اختتام پذیرہوگا،حاضرین نے فیسٹیول کو کامیاب اور بہترین تفریح قرار دیا ہے۔