(مہر عمران )وفاقی تحقیاتی ادارہ ( ایف آئی اے )امیگریشن ونگ نے ملتان ائرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک بھیک مانگنے کی غرض سے جانے والے 9 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں 2 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں،ملزمان میں خیرات علی، محمد پرویز، کنیز بی بی، فائز مائی، کلثوم مائی شامل ہیں جبکہ آسیہ بی بی، الفت بی بی، نائلہ اور شازیہ بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان کا تعلق لیہ، بھکر، ملتان اور سرگودھا کے مختلف علاقوں سے ہے،ملزمان عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے کے غرض سے سعودی عرب جا رہے تھے،ملزمان نے فلائٹ نمبر SV801 سے سعودی عرب جانے کی کوشش کی۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے پاس کسی قسم کی ہوٹل بکنگ نہیں تھی،گرفتار ملزمان عمرے اخراجات کے حوالے سے بھی حکام کو مطمئن نہ کر سکے،ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان اس سے قبل بھی عمرے ادائیگی کیلئے سعودی عرب جاچکے ہیں،ملزمان عمرے ادائیگی کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی جواب دینے میں ناکام رہے،گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کاروائی کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان منتقل کر دیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے کہا ہےکہ بھیک مانگنے میں ملوث ملزمان کے پاسپورٹس بھی بلیک لسٹ کئے جائیں گے،عمرہ زائرین کو ٹریول ہسٹری کی تجزیہ رپورٹ کی بنیاد پر جانے کی اجازت دی جائے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے مزید کہا ہے کہ عمرے پر جانے والے تمام مسافروں کی مکمل سکریننگ اور پروفائلنگ کو یقینی بنایا جائے،ایئرپورٹ پر موجود دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساتھ مل کر مسافروں کے سامان کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے، مطلوبہ رقم کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔
واضح رہےکہ بیرون ممالک گداگری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاون جاری ہے ،ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی ہدایت پر مسافروں کی سخت سکرینگ کی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حساس اداروں کے دفاتر پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنےوالے 6 دہشتگرد قانون کی گرفت میں آگئے