(ویب ڈیسک) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر کے میزائل پاکستانی علاقے میں پھینکا، پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ اور تمام عالمی قوانین کے مطابق ہیں، امریکی سفیر کو طلب کر کے بائیڈن کے بیان پر ڈیمارش کریں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سیلاب متاثرین کو سب سے زیادہ توجہ کی ضرورت ہے، مون سون کے بعد تاریخ کے بدترین سیلاب سے نمٹ رہے ہیں، اب بھی ہم سیلاب متاثرین کو امداد پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم نہیں چلا سکا، ضمنی انتخابات بہت اہم ہیں، سندھ کے عوام اپنے حقوق کی جدوجہد میں سب سے آگے رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام نے آمروں کا مقابلہ کیا، عمران خان کے خلاف بھی جدوجہد اس صوبے سےشروع ہوئی، کچھ امیدوار جیت کر عوام کی آواز بنیں گے، دوسری طرف وہ امیدوار ہے جو اگر جیتا بھی تو علاقے کو بھول جائے، وہ جیت کر بھی سیاست چمکائے گا اور عوام کو بھول جائے گا، عوام سے اپیل ہے وہ 3 حلقوں میں پیپلزپارٹی کو جتوا کر خدمت کا موقع دیں، عوام سے ایمل ولی کو ووٹ دینے کی بھی اپیل ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکی صدر کے بیان پر وزیراعظم شہباز شریف سے بات کی ہے، امریکی صدر کے بیان پر حیران ہوں، پاکستان اپنی سالمیت اور بقا کے لیے پرعزم ہے، امریکا کے ساتھ اپنے تحفظات اٹھائیں گے، اگر کسی ملک کے ایٹمی ہتھیاروں پر سوال اٹھتا ہے تو وہ بھارت ہے، بھارت نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر کے میزائل پاکستانی علاقے میں پھینکا، امریکی صدر کی گفتگو غیر رسمی تھی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کا خاتمہ عدم اعتما د سے ہوا، عمران خان نے جھوٹے بیانیے کو گلی گلی پہنچانے کی کوشش کی، عوام کو چار سال میں سمجھ آگیا کہ تبدیلی کا نعرہ تباہی ہے، کوئی سابق وزیراعظم اپنے ملک کے بارے میں ایسی بات نہیں کرتا جیسے عمران خان کرتا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جہاں بھی جاتا ہوں پاکستان کے مؤقف پر ڈٹ کر رہتا ہوں، بھارت سے کشمیر کی پرانی حیثیت کی بحالی چاہتے ہیں، پاکستان کی جمہوری جدوجہد طویل ہے، عمران خان کی وجہ سے میڈیا کی آزادی سلب ہوئی، پاکستان کے مفادات کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔