الیکشن کمیشن کی کل ہونیوالے ضمنی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے11 حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کرلیں ،چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی،پولنگ میں ہنگامہ آرائی اور مداخلت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے8 قومی اور 3 صوبائی حلقوں پر کل 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابا ت کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ضمنی انتخابات والے حلقوں میں 24لاکھ 60ہزارمرد اور 20 لاکھ 28ہزار کے قریب خواتین رجسٹرڈووٹرز موجود ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب والے 11حلقوں میں 2937پولنگ سٹیشنز موجود ہیں جن میں سے 806مردانہ، 713 زنانہ جبکہ 1416 مشترکہ پولنگ سٹیشنز ہیں۔پولنگ سٹیشنز میں موجود پولنگ بوتھ کی کل تعداد 9869 ہے جن میں 5294مردانہ اور 4575زنانہ پولنگ بوتھ ہیں۔ان میں 747 انتہائی حساس جبکہ 694حساس پولنگ سٹیشنز قرار دیئے گئے ہیں۔ضمنی انتخاب والے 11 حلقو ں میں 100 انتخابی امیدواران حصہ لے رہے ہیں۔
ترجمان کا مزید کہناتھا کہ سکیورٹی کیلئے پولیس، رینجرز اور پاکستان آرمی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔عوام کی سہولت کیلئے 8300 مسیج سروس پرووٹ کی تفصیلات اور پولنگ سٹیشن اپ ڈیٹ کر دیئے گئے ہیں۔عوام الناس،سیاسی جماعتیں اور دیگر سٹیک ہولڈر شکایات کی صورت میں الیکشن کمیشن، دفاتر صوبائی الیکشن کمشنر ز اور ریٹرننگ افسران کے کنٹرول رومزمیں رابطہ کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کاکہناہے کہ حاملہ خواتین، خواجہ سرا، معذور افراد اور بزرگ ووٹر ز کا ووٹ ترجیحی بنیادوں پر کاسٹ کر وایا جائے گا۔ عوام الناس بلا خوف و خطر ووٹ ڈالنے پولنگ سٹیشن پر آئیں۔تمام انتخابی عمل کی نگرانی چیف الیکشن کمشنر کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اثاثہ جات کیس؛ شہزاد اکبر نیب میں طلب