(زین مدنی) پاکستان میں پابندی کی شکار اور تاحال ریلیز نہ ہونے والی فلم ’جاوید اقبال: دی ان ٹولڈ سٹوری‘ کا سیکوئل بنانے کا اعلان کردیا گیا۔
پہلی فلم کے مرکزی اداکار یاسر حسین نے انسٹاگرام پر سیکوئل فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ نئی فلم کو 2023 میں ریلیز کیا جائے گا۔انہوں نے مختصر کیپشن میں لکھا کہ ان کی نئی فلم کا انتظار کیا جائے، جس میں شائقین پوری اور مکمل کہانی دیکھ سکیں گے۔
اسی حوالے سے پہلی فلم کے ہدایت کار ابو علیحہ نے بتایا کہ وہ سیکوئل فلم پاکستانی سینما کیلئے نہیں بلکہ کسی عالمی او ٹی ٹی پلیٹ فارم کیلئے بنا رہے ہیں، جس میں پرانی فلم کے مقابلے میں زیادہ تشدد اور بھیانک مناظر ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس بار وہ نہ تو پاکستانی سینما جائیں گے اور نہ ہی پاکستان کے فلم سینسر بورڈز جائیں گے، کیوں کہ وہ ان کی بلیک میلنگ سمجھ چکے ہیں۔
فلم ساز کے مطابق ان کے اور او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے درمیان سیکوئل فلم کے حوالے سے تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور وہ اس ضمن میں مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کریں گے۔ابو علیحہ نے تصدیق کی سیکوئل فلم میں پہلی فلم کے مقابلے زیادہ تشدد اور بھیانک مناظر دکھائے جائیں گے جبکہ نئی فلم کا بجٹ بھی پہلی فلم کے مقابلے دگنا ہوگا اور یہ بہترین فلم ہوگی۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سیکوئل فلم میں بھی یاسر حسین مرکزی کردار ادا کریں گے، تاہم انہوں نے دیگر کاسٹ سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔انہوں نے بتایا کہ ان کی کتاب ’جاوید اقبال 2‘ پہلے سے ہی مارکیٹ میں دستیاب ہے، اس لیے انہوں نے اسی کتاب کو فلم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور شائقین 2023 میں نئی فلم دیکھ سکیں گے۔
خیال رہے کہ ’جاوید اقبال: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر' کو رواں برس جنوری میں پاکستان میں ریلیز کیا جانا تھا مگر اس کی نمائش سے دو دن قبل اس پر پابندی لگا دی گئی تھی۔مذکورہ فلم پر ابتدائی طور پر پنجاب حکومت نے پابندی لگائی تھی، جس کے بعد فلم کی ٹیم نے اس کی نمائش موخر کردی تھی ۔
فلم کی کہانی لاہور کے بدنام سیریل کلر ’جاوید اقبال مغل‘ کے جرائم اور ان کے قانونی ٹرائل کے گرد گھومتی ہے۔ جاوید اقبال مغل‘ 100 بچوں کے قتل اور ان کے ’ریپ‘کا مجرم تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کا اعتزاز احسن کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ