(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ بھارت سے شکست میں قصور کپتانی اور ٹیم سلیکشن کے ساتھ ساتھ اپروچ کا بھی قصور ہے۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے کہا ہے کہ پاکستان کو پھینٹا لگایا گیا، روہت شرما پورا بیٹسمین ہے، اس نے گزشتہ 2 سے3 سال کا بدلہ لیا ہے۔اس نے ٹھیک مارا ہے۔پاکستان نے کیاسمجھا تھا کہ 4 بیٹرز کھلا کر میچ جیت جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اوور میں سب سے زیادہ رنز اور نو بالیں، ریکارڈ ٹیم ٹوٹل، ایک ہی میچ میں ڈھیروں عالمی ریکارڈ
شعیب اختر نے مزید کہا کہ آپ فیصلہ کرلیں کہ اگر ہمارے بیٹرز اور بھارتی بیٹرز کی ریٹنگ کرلیں، نتیجہ سامنے ہے، 4 سال قبل یہی چیف سلیکٹر انضمام الحق تھے، یہی انجام تھا، آج بھی وہی ہیں اور وہی کام ہیں، بچوں کی طرح بھارت نے ہمیں مارا ہے۔
راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ ایک لاکھ کراؤڈ صرف شعیب اختر ہی چپ کرواسکتا تھا، آپ اتنے پانی میں نہیں ہیں پاکستانی کھلاڑیو! سیمی فائنل کی ریس باقی ہے لیکن روہت شرما نے ٹھوک کر بجایا ہے، بمرا کی کمال بالز ہیں، انجری سے واپس آکر لینتھ بال تیزی سے کررہا ہے،اسے کوئی پروا نہیں ہے کہ میں زخمی ہوجائوں۔
کپتانی پر بات کرتے ہوئے دنیا کے تیز ترین بولر نے کہا کہ روہت شرما کی کپتانی دیکھیں، بابر اور روہت کی کپتانی کا یہی فرق ہے، سراج کو مار پڑتی رہی لیکن اس نے نہیں ہٹایا، یہاں نواز کو ایک اوور بعد بدل دیا گیا۔
شعیب اختر نے یہ بھی کہا ہے کہ بھارت اب 2011 کی طرح اس بار بھی ورلڈکپ جیت جائے گا۔