(اویس کیانی) وزارت پیٹرولیم نے روپے کی قدر میں بہتری اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والے کمی کے پیش نظر عوام کی بجائے آئل کمپنیوں اور ڈیلرز کو ریلیف دینے کا فیصلہ کرلیا۔
وزارت پٹرولیم نے آئل کمپنیوں کو نوازنے کیلئے پٹرول اور ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے منافع میں 88 پیسے فی لیٹراضافے کی تجویز دے دی۔ پٹرول اور ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کا منافع مزید بڑھ جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: آئیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف گھیرامزید تنگ،43 ملزمان گرفتار
وزارت پٹرولیم کی جانب سے 16 اکتوبر سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع میں 47 پیسے فی لیٹر جبکہ پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز منافع میں فی لیٹر 41 پیسے اضافے کی تجویز ہے۔
یاد رہے کہ او ایم سی اور ڈیلرز مارجن 16 ستمبر اور یکم اکتوبر کو بھی بڑھایا جا چکا، اس وقت فی لٹر پٹرول پر کمپنیاں 6 روپے 94 پیسے جبکہ فی لٹر پٹرول پر ڈیلرز 7 روپے 82 پیسے منافع لے رہے ہیں۔ فی لٹر ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیز کا منافع 7 روپے 8 پیسے ہے۔ فی لٹر ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 7 روپے 82 پیسے وصول کیا جارہا ہے۔