"صیہونی ریاست عالمی قانون اور انسانیت کی تمام حدیں پامال کر چکی ہے"،شہبازشریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی بچوں سمیت نہتے عام فلسطینی شہریوں پر ہزاروں ٹن بارود برسانے کی شدید مذمت کی اور فوری بمباری رکوانے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اسرائیلی حملوں سے سینکڑوں بچوں سمیت 2 ہزار سے زائد شہادتوں پر رنج و غم اور افسوس کا اظہارکیا،شہبازشریف نے کہا کہ صیہونی ریاست عالمی قانون اور انسانیت کی تمام حدیں پامال کر چکی ہے،عالمی برادری اور سلامتی کونسل فلسطینیوں کے زندہ اور آزاد رہنے کے مسلمہ قانونی حق کا تحفظ اور پاسداری یقینی بنائے ورنہ دنیا راکھ کا ڈھیر بن جائے گی ۔
شہبازشریف نے کہا کہ سات دہائیوں سے ایک قابض فوج فلسطینیوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے، سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کراتی تو آج یہ حالات پیدا نہ ہوتے، صیہونی ریاست دہائیوں سے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ بے گناہوں کا بہتا لہو روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو خالی کرانا، صحافیوں کو نشانہ بنانا قتل عام کی اجازت دینے کے مترادف ہے ،دنیا ظلم پرتماشائی نہ بنے، بے گناہ انسانوں کا قتل عام رکوانے کے لئے عملی اقدام کرے ،اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے پلیٹ فارم سے فلسطینیوں کے لئے پانی، خوراک، ادویات کی فوری فراہمی شروع کی جائے۔
شہبازشریف نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک او آئی سی کے پلیٹ فارم سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں، بے گھر فلسطینیوں کے لئے پناہ گاہوں کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، خواتین، بچوں، بزرگوں کے لئے خوراک اورعلاج کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:مسلم ممالک کے سربراہان غزہ کے ملبے کا ڈھیر بننے کا انتظار نا کریں، سراج الحق
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہسپتالوں، سکولوں اور عام آبادیوں کو بمباری کا نشانہ بنانا جنگ نہیں کھلا ظلم وبربریت ہے، موجودہ حالات اسلامی دنیا کا بھی امتحان ہے، امن اور القدس الشریف دارالحکومت کی حامل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک فلسطینیوں کی حمایت کرتے رہیں گے۔