شنگھائی تعاون تنظیم کا 23 واں سربراہی اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگا

Oct 15, 2024 | 00:32:AM
شنگھائی تعاون تنظیم کا 23 واں سربراہی اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا 23 واں سربراہی اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہوگا جس میں شرکت کیلئے چین  کے وزیر اعظم لی چیانگ ، بیلاروس کے وزیراعظم رومان گولوف چینکو، قازقستان کے وزیراعظم اولڑاس بیکتینوف، روس کے وزیراعظم میخائل مشوستن، تاجکستان کے وزیراعظم کوہر رسول زادہ اور ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ اریپوف شرکت کریں گے۔

اجلاس میں کرغزستان کی کابینہ کے چیئرمین ڑاپاروف اکیل بیک، ایران کے اول نائب صدر محمد رضا عارف اور بھارتی وزیرخارجہ سبرامنیم جے شنکر بھی شرکت کریں گے۔

سربراہی اجلاس میں منگولیا مبصرکے طور پر شرکت کررہا ہے جس کی نمائندگی منگولیا کے وزیراعظم کررہے ہیں، ترکمانستان کی بطور مہمان خصوصی نمائندگی کابینہ کے نائب چیئرمین راشد مریدوف کررہے ہیں۔

دیگر مہمانوں میں ایس سی او کے سکرٹری جنرل جانگ منگ، ڈائریکٹر ایگزیکٹو کمیٹی ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ اسٹرکچر رسلان مرزائیف، بورڈ آف ایس سی او بزنس کونسل کے چیئرمین عاطف اکرام شیخ اور کونسل آف ایس سی او انٹربینک یونین کے چیئرمین مارات ییلی بائیف شامل ہیں،ایس سی او اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور تنظیم کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، تنظیم کے رکن ممالک باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری کے لیے اہم تنظیمی فیصلے کریں گے۔