(ویب ڈیسک)قومی ایئرلائن پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں مبینہ طور پر لاپتہ ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ محسن رضا نامی فضائی میزبان کو پیر کو کراچی آنے والی پرواز پر رپورٹ کرنا تھی تاہم ٹورنٹو سے کراچی کی پرواز پی کے 784 پر تعینات محسن رضا پرواز سے قبل ہوٹل میں موجود نہیں تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے فضائی میزبان کے لاپتہ ہونے کا انکشاف عین پروازکے لیے رپورٹ نہ کرنے پر ہوا۔
واضح رہے کہ ایک سال کے دوران ٹورنٹو میں مبینہ سلپ ہونے والے پی آئی اے فضائی میزبانوں کی تعداد 12 سے زائد ہوگئی، دوسری جانب فضائی میزبانوں کے پاسپورٹس ٹورنٹو میں ایئرلائن حکام کے پاس جمع کرانے کی پالیسی کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
قومی ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ قومی ایئرلائن انتظامیہ نے لاپتہ کریو کے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، قصوروار ثابت ہونے پر ایئرلائن قوانین کے تحت سخت تادیبی کارروائی کرے گی جس میں ملازمت سے برخاستگی بھی شامل ہے۔