(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ دیہی خواتین کو مساوی سہولیات فراہم کر نے کا عزم غیر متزلزل ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ دیہی خواتین کی عظمت، قربانی اور انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، دیہی خواتین محنت، محبت، احساس ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں، زرعی معیشت کے استحکام میں دیہی خواتین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، دیہی خواتین کا گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ کاشت کاری اور لائیو سٹاک کے فروغ میں بھرپور کردار قابل تحسین ہے، دیہی خواتین کو مساوی سہولیات فراہم کر نے کا عزم غیر متزلزل ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کاکہنا تھا کہ حکومت پنجاب دیہی خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل ہے، دیہی خواتین کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لئے فیلڈ ہسپتال پراجیکٹ جاری ہے، دیہی علاقوں میں خواتین کی صحت کے لیے بنیادی صحت کے یونٹس کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے،ورچوئل پولیس سٹیشن ہر طبقہ کی خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے قائم کیا گیا ہے، دیہی خواتین کے لئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے آغاز پر کام کر رہے ہیں ، دیہی خواتین کی معاشی ترقی اور خودمختاری کے لیے مویشی مہیا کریں گے۔