اطالوی ایئر کرافٹ کیریئر کی کراچی بندر گاہ آمد، پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام اور اطالوی سفیر کا جہازوں کا پرتپاک استقبال

Oct 15, 2024 | 11:09:AM

( احمد منصور )اطالوی ایئر کرافٹ کیریئر کی کراچی بندر گاہ آمد،ایئر کرافٹ کیریئر آئی ٹی ایس کیووراور فریگٹ آئی ٹی ایس الپینوپر مشتمل اطالوی نیوی کا کیریئر اسٹرائیک گروپ تین روزہ دورے پر کراچی پہنچ گیا۔

 کیوور (CAVOUR) کراچی بندرگاہ میں آنے والا اٹلی کا پہلا ایئر کرافٹ کیریئر ہے،جہاز کی کراچی آمد پر پاک بحریہ کے اعلی حکام اور اطالوی سفیر نے جہازوں کا استقبال کیا۔

اطالوی جہاز کے ہمراہ اٹالین نیوی کے اعلٰی حکام اور دفاعی صنعت کے وفد نے بھی کراچی کا دورہ کیا،دورے کے اختتام پر دونوں ممالک کی بحریہ کے مابین دو طرفہ مشق کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

 کراچی آمد کے بعد اطالوی سفیر ماریلینا آرمیلن نے اطالوی ڈیفنس جنرل سٹاف کے کیپبلیٹی ڈائریکٹر ریئر ایڈمرل سٹیفانو باربیری کے ہمراہ کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے مستقبل میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمانڈر کراچی، وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے بھی آئی ٹی ایس کیوور کا دورہ کیا اور انہیں کمانڈنگ آفیسر کی جانب سے ایئر کرافٹ کیریئر کی صلاحیتوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ آئی ٹی ایس الپینو پر اٹلی کی دفاعی صنعتی صلاحیتوں کی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا۔ آئی ٹی ایس کیوور پر میڈیا بریفنگ کا انعقاد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : چانسلر کا انتخاب،عمران خان کی شمولیت پر آکسفورڈ یونیورسٹی بھی مشکل میں پڑ گئی

میڈیا بریفنگ کے دوران اطالوی سفیر، کیرئیر سٹرائیک گروپ کے کمانڈر اور جنرل سٹاف کے کیپبلٹی ڈائریکٹر نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کی بحریہ کے مابین باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

دورہ کے دوران پاکستان بحریہ اور اطالوی ائیر کرافٹ کیرئیر اسٹرائیک گروپ، بشمول جدید F-35 Lightning II لڑاکا جہاز مختلف مشقیں بھی کریں گے۔

اطالوی سفیر  کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ خطے کی اہم بحری قوت ہے اور پاک اطالوی معاشی و دفاعی تعاون کے روشن امکانات ہیں۔

مزیدخبریں