( اویس کیانی)صدر مملکت آصف علی زرداری سے چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
منگل کو دورہ پاکستان پر موجود چینی وزیر اعظم لی چیانگ نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان اور چین کا اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق ہوا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے اور پاک چین تعلقات کو وسعت دینے کی مزید گنجائش موجود ہے، دونوں ممالک کے مابین تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت اور تجارتی اور عوامی روابط مضبوط بنانے کیلئے ہمہ موسمی سڑکوں کے ذریعے رابطے بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر مملکت نے دہشت گردانہ حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا دلخراش واقعہ پوری قوم کیلئے تکلیف کا باعث بنا۔ پاک چین دوستی کے دشمن چینی شہریوں کو نشانہ بنا کر دوطرفہ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دشمن اپنی مذموم کوششوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
صدر مملکت نے مجرموں کو مثالی سزا دینے کے پاکستان کے عزم کے اظہار کیا اور کہا پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت پر بھی چین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کو باہمی اہمیت کے اہم مسائل پر چین کی ہمیشہ غیر متزلزل حمایت حاصل رہی۔
چین پاکستان کی علاقائی سالمیت ، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا:چینی وزیر اعظم
اس موقع پر چینی وزیر اعظم نے تمام بنیادی مسائل پر چین کی مضبوط حمایت پر پاکستان کو سراہا اور کہا کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت ، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا، دونوں ممالک نے عالمی چیلنجز سے قطع نظر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی۔
چینی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین اپنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے، امید ہے پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔
مارا ایجنڈا صرف پاکستان ہے ہم صرف پاکستان کو دیکھ رہے ہیں اور اسی کی کامیابی چاہتے ہیں: آرمی چیف
دوسری جانب چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہمارا ایجنڈا صرف پاکستان ہے ہم صرف پاکستان کو دیکھ رہے ہیں اور اسی کی کامیابی چاہتے ہیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے دورہ پاکستان پر آئے چینی وزیراعظم لی چیانگ کے اعزاز میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ظہرانہ دیا, ظہرانے کی دعوت میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔
دعوت کے دوران صحافیوں نے آرمی چیف سے پوچھا کہ ایس سی او کانفرنس سے آپ کیا توقعات رکھتے ہیں؟
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جواب دیا کہ ہمارا ایجنڈا صرف پاکستان ہے ہم صرف پاکستان کو دیکھ رہے ہیں اور اسی کی کامیابی چاہتے ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
انشاءاللہ ہمارا ملک مزید ترقی کرے گا: مریم نواز
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ایوان صدر آمد ،وزیر اعلیٰ مریم نواز صدر مملکت کی طرف سے چینی وزیراعظم کے ظہرانے میں شریک ہوئیں ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز سے تقریب میں آئے مہمانوں کی ملاقات ہوئی۔
احسن اقبال اور رانا ثنااللہ نے کھانے کی میز پر ملکی صورتحال پر مریم نواز کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ترقی اور بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں، انشاءاللہ ہمارا ملک مزید ترقی کرے گا۔