وزیر اعظم پاکستان سے بیلاروسی ہم منصب کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر وزیر اعظم پاکستان سے بیلاروس کے وزیر اعظم نے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولووچینکو نے آج اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (CHG) اجلاس کی سائیڈ لائینز پر دو طرفہ ملاقات کی، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بیلاروس کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بیلاروس کو ایس سی او کا مکمل رکن بننے پر مبارکباد پیش کی اور ’شنگھائی اسپرٹ‘ کو فروغ دینے میں بیلاروس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس سال جولائی کے اوائل میں آستانہ میں صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے ساتھ اپنی نتیجہ خیز ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے باقاعدہ ملاقاتوں نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو ایک مثبت رفتار فراہم کی ہے جسے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری, مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دوسری جانب گولوو چینکو نے ایس سی او سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اس کے مثبت نتائج پر پاکستان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی، انہوں نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے یقین دلایا کہ بیلاروس شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد، اصولوں اور ترجیحات کو فروغ دینے کے لیے اور پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کی چیئر کی حیثیت سے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آئینی ترمیم کا معاملہ ، ایس سی او اجلاس کے فوری بعد سیاسی بیٹھک کا فیصلہ
بیلا روسی وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔