(اویس کیانی) وزیرِ اعظم شہباز شریف سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین اور وزیر خاجہ نے ملاقات کی اور مختلف شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے موقع پر ترکمانستان کے وزراء کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزیر برائے امور خارجہ جناب راشد میریدوف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آج اسلام آباد میں ملاقات کی، شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں ترکمانستان کی بطور مہمان خصوصی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے ترکمانستان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
ترکمان قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے دونوں فریقین کی طرف سے دوطرفہ تعاون کی مکمل استعداد بالخصوص تجارت، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس ،مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے نغمہ جاری
دوسری جانب میریدوف نے شنگھائی تعاون تنطیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی اور ترکمان قیادت کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کو نیک خواہشات کا پیغام دیا، انہوں نے پاکستان ترکمانستان تعلقات کو مزید مضبوط اور قریبی بنانے کے لیے ترکمانستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔