وزیراعظم سے قازقستانی ہم منصب کی ملاقات، دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنے پر اتفاق

Oct 15, 2024 | 19:30:PM
وزیراعظم سے قازقستانی ہم منصب کی ملاقات، دو طرفہ تجارت بڑھانے کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنے پر اتفاق
کیپشن: وزیراعظم سے قازقستانی ہم منصب کی ملاقات کا منظر
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قازقستان کے وزیر اعظم اولزہاس بیکوتینوو سے شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ اجلاس کے موقع پر  ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے مشترکہ کاوش کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے آج شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (CHG) اجلاس کے موقع پر جمہوریہ قازقستان کے وزیر اعظم اولزہاس بیکوتینوو نے دو طرفہ ملاقات کی، ملاقات میں دونوں فریقین نے مستقبل میں دو طرفہ تجارت بڑھانے کے حوالے سے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ اجلاس میں قازقستان کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اصولوں اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے تنظیم کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، اس سلسلے میں وزیر اعظم نے اس سال جولائی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کے لیے اپنے آستانہ کے دورے کا ذکر کیا اور شنگھائی تعاون تنظیم کے ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے میں قازقستان کے تعاون اور کردار کو سراہا۔

دونوں ممالک کے درمیان   بہترین دو طرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے اور علاقائی روابط اور سلامتی کے لئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا، وزیر اعظم پاکستان نے دو طرفہ شراکت داری کے ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے، باقاعدہ اور اعلیٰ سطحی رابطوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، وزیراعظم نے زراعت اور تجارت کے مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس جلد از جلد بلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس ،مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کیلئے نغمہ جاری

دوسری جانب قازقستان کے وزیر اعظم نے پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعظم کو مبارکباد دی اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ کے طور پر پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا، انہوں نے علاقائی روابط، تجارت اور ترقی کو بڑھانے کے لیے قازقستان کے بطور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن کے طور پر اور دو طرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ قازقستان پاکستان کو جنوبی ایشیاء میں ایک بڑے تجارتی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔