آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹ مشین کے ذریعے ہوں گے یا نہیں؟ اسلام آبادہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ جاری کردیا

Sep 15, 2021 | 17:51:PM

(24 نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم )کے ذریعے آئندہ عام انتخابات کرانے کے خلاف درخواست کا محفوظ فیصلہ جاری کردیا،عدالت نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے آئندہ انتخابات کرانے کیخلاف درخواست نمٹا دی ،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہاہے کہ انتخابات میں ای وی ایم کا استعمال کوئی خلائی یا اجنبی کام نہیں،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا نظام دنیا کے بہت سے ممالک میں رائج ہے۔
عدالت نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ابتدائی سطح پر استعمال، پارلیمنٹ سے قانون سازی لازم ہے،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کی تجویز ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے ،ای وی ایم کے ذریعے انتخابات کیلئے پارلیمنٹ سے قانون سازی کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہاگیاہے کہ درخواست گزار کے تحفظات قبل ازوقت اور خدشات پر مبنی ہیں ،عدالت کو کوئی شک نہیں ،پارلیمنٹ قانون سازی کرتے ہوئے خدشات کا جائزہ لے گی ،ای وی ایم پر پارلیمنٹ جو بھی فیصلہ کرے گی وہ عوام کے مفاد میں ہوگا۔
اسلام آبادہائیکورٹ نے کہاکہ منصفانہ اور شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے،انتخابات کو دھاندلی سے محفوظ بنانا بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ:سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کیخلاف اپیل مسترد

مزیدخبریں