محمد عامر اور بورڈ حکام کو مل بیٹھ کرمعاملہ حل کرنا چاہئے: نجم سیٹھی 

Sep 15, 2021 | 19:54:PM

(24 نیوز)سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے محمد عامر کے معاملہ پر پی سی بی حکام سے واضح موقف اپنانے کا مطالبہ کردیا۔
سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہاکہ محمد عامر کے گزشتہ کچھ عرصہ سے بورڈ حکام کے ساتھ تنازعات چل رہے ہیں، محمد عامر کبھی ریٹائرمنٹ لیتے ہیں اور کبھی کھیلنے کا اعلان کر دیتے ہیں،ایک بارپھر محمد عامر نے ڈومیسٹک کرکٹ کا کنٹریکٹ لینے سے انکار کر دیا ہے،محمد عامر اور بورڈ حکام کو مل بیٹھ کر اس معاملے کو حل کرنا چاہئے۔
نجم سیٹھی نے کہاکہ موجودہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ شروع سے ہی محمد عامر کو کھلانے کے مخالف تھے،رمیز راجہ ماضی میں محمد عامر کے خلاف اس حوالے سے سخت بیان دے چکے ہیں،رمیز راجہ کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہوں نے اپنے اصولوں پر قائم رہنا ہے یا فیصلہ بدلنا ہے، محمد عامر اور بورڈ حکام بیٹھ کر بات کر دیں دونوں کے مابین معاملات حل ہو سکتے ہیں۔
سابق چیئرمین پی سی بی نے کہاکہ ڈومیسٹک کرکٹ کا جو سٹرکچر دیا گیا ہے وہ ڈلیور نہیں کر سکا، ڈومیسٹک کرکٹ کا سابقہ نظام بہتر تھا اور بہت سے مایہ ناز کرکٹرز اسی سسٹم سے آئے تھے،انہوں نے کہاکہ رات راتوں کرکٹ سٹرکچر کو ختم کر کے ایک نیا نظام لانے کا اعلان کر دیا گیا، لیکن نئے نظام پر بھی اب تک مکمل طور عمل درآمد نہیں کروایا جا سکا۔
نجم سیٹھی نے کہاکہ رمیز راجہ نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کرنے کا اشارہ دیا ہے،رمیز راجہ بھی کلب کرکٹ سے ہی سامنے آئے تھے اور امید ہے وہ اس حوالے سے اقدامات کرینگے،انہوں نے کہاکہ سابقہ کرکٹر سٹرکچر برا نہیں اس میں چند تبدیلیاں کی جا سکتی تھیں،کرکٹ سٹرکچر کو مکمل طور پر تبدیل کر کے نیا نظام لایا گیا اور وہ بھی نامکمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد عامر کو ایک بارپھر ڈومیسٹک سنٹرل کنٹریکٹ ملا تو انہوں نے ایسا اقدا م کر دیا کہ سب حیران

مزیدخبریں