مہنگائی میں پسے عوام کو دھوبی پٹکا۔۔ایک روپیہ بتا کر پٹرول 5 روپے لٹر مہنگا کردیا گیا

Sep 15, 2021 | 21:44:PM

(24 نیوز)حکومت نے مہنگائی میں پسے عوام کو دھوبی پٹکا مارپٹرول کی دھونی بھی دیدی،اوگرانے پٹرول کی قیمت ایک روپے لٹر اضافے کی تجویز دی تھی جبکہ وزیراعظم نے 5 روپے لٹر مہنگا کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پانچ روپے سے زائد کا اضافہ کردیا،پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر اضافے کی منظوری دیدی گئی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے ایک پیسے کا اضافہ کردیاگیا۔


نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 42 پیسے فی لٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 92 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے،وزارت خزانہ نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 123 روپے 30 پیسے فی لٹرہو گئی، ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 120 روپے 4 پیسے،مٹی کے تیل کی نئی قیمت 92 روپے 26 پیسےاورلائٹ ٖڈیزل کی نئی قیمت 90روپے 69 ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرول کی قیمتوں میں اضا فہ۔ پٹرول پمپ پر حملہ۔۔ لیکن کس کا۔۔؟
 ذرائع کے مطابق  حکومت نے پٹرول پر لیوی میں بھی اضافہ کردیا ،پٹرول پر لیوی میں فی لیٹر 3 روپے 51 پیسے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد پٹرول پر لیوی بڑھ کر 5 روپے 62 پیسے فی لیٹرہو گئی جبکہ پٹرول پر فی لیٹر لیوی 2 روپے 11 پیسے عائد تھی ۔ذرائع کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی 5 روپے 14 پیسے فی لیٹر برقرار،مٹی کے تیل پر فی لیٹر لیوی 2 روپے 6 پیسے ,لائٹ ڈیزل پر فی لیٹر لیوی ایک روپے 51 پیسے عائد کر دی گئی،لیوی کی نئی شرح کا اطلاق کل سے ہوگا ۔ 

 حکومت نے 3 ماہ میں 6 بار پٹرولیم مصنوعات مہنگی کیں۔16جون سے اب تک پٹرولیم مصنوعات 14 روپے 74 پیسے تک مہنگی کی گئی،فی لیٹر پٹرول ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 123 روپے 30 پیسے کا ہوگیا ،تین ماہ میں پیٹرول کی قیمت میں فی لٹر 14 روپے 74 پیسے اضافہ کیا گیا ۔اسی عرصے میں ہائی سپیڈ ڈیزل فی لیٹر 9 روپے 28 پیسے مہنگا کیا گیا،لائٹ ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر 13 روپے 04 پیسے اضافہ کیا گیا  جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت فی لیٹر 12 روپے 26 پیسے بڑھی۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے گزشتہ روز پٹرول ایک روپیہ اور ڈیزل ساڑھے 10 روپے مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی مگر حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 5،5 روپے کا اضافہ کردیا۔ اس کے علاوہ مٹی کا تیل تجویز سے آٹھ پیسے کم اور لائٹ ڈیزل اوگرا کی تجویز سے 42 پیسے زیادہ مہنگا کیا گیا ہے اور یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ اوگرا کی جانب سے قیمتوں میں کم اضافے کی تجویز دی گئی لیکن حکومت نے زیادہ اضافہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر کی اونچی اڑان ۔۔تاریخ کی نئی بلندی پر پہنچ گیا

مزیدخبریں