سابق آئی سی سی امپائر اور فرسٹ کلاس کرکٹر اسد رؤف انتقال کرگئے

Sep 15, 2022 | 10:41:AM
سابق آئی سی سی امپائر اور فرسٹ کلاس کرکٹر اسد رؤف انتقال کرگئے
کیپشن: اسد رؤف (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) بین الاقوامی کرکٹ میں آئی سی سی کے پینل پر ایلیٹ امپائر کی حیثیت سے برسوں اپنی خدمات سرانجام دینے والے پاکستان کے سابق امپائر اسد رؤف وفات پا گئے ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق 66 سال کے اسد رؤف کو دل کا دورہ پڑا اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔ انھوں نے 1977ء سے 1991ء کے درمیان پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ میں نیشنل بینک آف پاکستان اور پاکستان ریلوے کی نمائندگی کی۔

اسد رؤف نے سنہ 1997ء میں امپائر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دینے شروع کیے۔ وہ سنہ 2006ء سے 2013ء تک آئی سی سی کے ایلیٹ امپائر پینل کے رکن تھے۔

اسد رؤف گذشتہ 30 سال سے کرکٹ کے علاوہ لاہور کے لنڈا بازار میں استعمال شدہ کپڑوں اور کراکری کا کاروبار کر رہے تھے۔

کچھ عرصے قبل اپنے چند انٹرویوز میں انھوں نے بتایا تھا کہ ’میں نے زندگی میں وہ کام کیے جو میرے خاندان میں کبھی کسی نے نہیں کیے۔ میں نے 17 سال فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔ انگلینڈ میں پروفیشنل لیگ کھیلی، کسی نے لنڈے کا کام نہیں کیا لیکن میں نے کیا، میں30 سال سے یہ کام کر رہا ہوں اگر امپائرنگ نہ کرتا تو یہی کام کرتا۔‘

انھوں نے اپنے کرئیر میں پانچ ورلڈ کپ، پانچ آئی پی ایل، 49 ٹیسٹ میچز، 139 ون ڈے اور 28 کے قریب ٹی 20 میچوں میں امپائرنگ کی۔

حالیہ عرصے میں وہ ایک بار پھر اس وقت خبروں میں آئے جب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاہور کے لنڈا بازار میں ان کی استعمال شدہ چیزوں کی دکان کی ویڈیو وائرل ہوئی۔ لنڈا بازار میں استعمال شدہ چیزوں کے کاروبار کے حوالے سے اپنے انٹرویوز میں ان کا کہنا تھا کہ ’لوگ سمجھتے ہیں اسد رؤف غربت کے حالات میں آ گیا ہے، اس لیے یہ کام کر رہا ہے ایسی کوئی بات نہیں اللہ کا بڑا شکر ہے۔ یہ کام تو میں کرکٹ سے بھی پہلے سے کر رہا تھا۔‘

یہ بھی پڑھیے: ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے تمام ٹکٹس فروخت