(24 نیوز)حکومت نے موسمیاتی تبدیلی سے دوچار ممالک کیلئے بین الاقوامی فنڈ کے قیام کا باضابطہ مطالبہ کر دیا۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف کی ہدایت پر قومی اسمبلی نے انٹر پارلیمانی یونین کو باضابطہ درخواست دیدی،جس میں ماحولیاتی آلودگی کے باعث ترقی پذیر ممالک کے نقصان کے ازالے کیلئے فنڈ قائم کرنے کا مطالبہ کیاگیا ہے،آئی پی یو کے سیکرٹری جنرل کے نام سیکرٹری قومی اسمبلی کی جانب سے خط لکھا گیا،خط کے ساتھ مجوزہ قرارداد کا متن بھی لف کیاگیا ہے،عالمی برادری کی توجہ حالیہ سیلاب سے ہونیوالی تباہی کی جانب مبذول کرائی گئی ۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کے بارانی علاقوں میں تباہ کن بارشوں ہوئیں، طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں کی وجہ سے 1500 ہلاکتیں ہوئیں ،لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور معیشت کو20 ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔
یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے ایشیا پیسفک ممالک کے حالیہ سیمینار میں معاملے پر توجہ مبذول کرائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سیاستدانوں کو فوج کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہئے، چودھری شجاعت حسین