(ویب ڈیسک ) ملک سے غداری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام میں سعودی عرب نے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 سینئر فوجی اہلکاروں کے سر قلم کر دیئے ۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دو حاضر سروس سینئر اہلکاروں کے خلاف سنگین الزامات ثابت ہونے پر سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا ہے ، پائلٹ لیفٹیننٹ کرنل ماجد بن موسیٰ اور چیف سارجنٹ یوسف بن رضا نے فوجی حیثیت میں کئی بڑے جرم کیے، دونوں ملزمان کو ستمبر2017 میں فوجی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
سعودی وزارت دفاع کے مطابق ابتدائی فیصلے کے بعد انہیں عدالت میں اپیل کا حق دیا گیا تاہم دونوں ملزموں کے اعتراف جرم اور تمام شواہد دیکھنے کے بعد اور قانونی تقاضوں کے مطابق ان کے خلاف فیصلے جاری کیے گئے،دونوں اہلکاروں کو ملک سے بغاوت، قانون کی حکم عدولی،قومی اتحاد پامال کرنے اور انتشار پھیلانے کے اقدامات کے علاوہ بطور فوجی اپنے حلف کو توڑنے پر سزا سنائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ دونوں فوجیوں کو طائف میں سزائے موت دے دی گئی، فیصلے کے نفاذ کے لیے شاہی حکم جاری کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں؛ مارنے والے سے بچانے والا زیادہ طاقتور ہے،حافظ حمد اللہ