(جمال الدین جمالی )جناح ہاؤس حملہ کیس کے مرکزے مقدمے میں اہم سیاسی رہنما روبینہ جمیل کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری ۔
تفصیلات کے مطابق جناح ہاؤس حملہ کیس میں قید پی ٹی آئی رہنما روبینہ جمیل کی ضمانت کا تحریری فیصلہ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز بٹر نے جاری کیا ہے ، تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈکےمطابق میڈیکل گراؤنڈ پر روبینہ جمیل کی ضمانت منظور کی جاتی ہے، پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمہ خالی ہاتھ تھی اور صرف سیاسی نعرہ بازی کر رہی تھی، ملزمہ روبینہ جمیل کی ایک لاکھ مچلکے کے عوض ضمانت منظور کی گئی،روبینہ جمیل 96/23 مرکزی ایف آئی آر میں ضمانت لینے والی پہلی ملزمہ ہیں۔
ملزمہ کی طرف سے ماہر فوجداری قوانین فیصل باجوہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے،فیصل باجوہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزمہ کیخلاف درج مقدمہ سیاسی انتقام ہے، سیاسی اجتماع کرنا ہر پاکستان کا حق ہے، آئین بھی سیاسی اجتماع کی اجازت دیتا ہے، پولیس نے سیاسی مظاہرہ کرنیوالوں کوبھی مقدمےمیں نامزدکیاجوبدنیتی ہے، پولیس طویل تفتیش کے باوجود بھی ملزمہ کیخلاف ایک بھی قابل قبول شہادت پیش نہیں کر سکی۔
یہ بھی پڑھیں :وزیر اعلیٰ پنجاب سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ضمانت منظور ہونے کے باوجود روبینہ جمیل کی رہائی ممکن نہیں، ضمانت منظوری کے بعد مرکزی ایف آئی آر میں پولیس مزید دفعات کا اضافہ کر چکی ، مرکزی ایف آئی آر میں اضافہ شدہ مزید دفعات میں ملزمہ کو نئی ضمانت کرانا ہوگی، ملزمہ روبینہ جمیل کیخلاف مزید 2 مقدمات بھی درج ہیں، باقی دونوں مقدمات میں بھی روبینہ جمیل کو ضمانت کرانا ہوگی۔