آگرہ:موسلا دھار بارش کے بعد تاج محل کی چھت ٹپکنے لگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) بھارت کے سب سے مشہور مقام اور دنیا کے عجائب میں سے ایک تاج محل کی چھت سے تین روز سے جاری موسلا دھار بارش کے بعد پانی رسنے لگ گیا۔
بھارت میں یادگاروں کی دیکھ بھال کی ذمہ دار سرکاری ایجنسی نے کہا ہے کہ وہ 17 ویں صدی کے مقبرے کو پہنچنے والے نقصان کی فوری تحقیقات کر رہی ہے۔
انٹرنیٹ پر وائرل ایک ویڈیو میں دِکھایا گیا ہے کہ تاج محل کے چار باغوں میں سے ایک مکمل طور پر پانی میں ڈوب گیا ہے۔ عمارت کے اندر عکس بندی کی سختی سے ممانعت ہے، جہاں حکام کا کہنا ہے کہ پانی کا مشاہدہ کیا گیا تھا۔
آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کے ایک سینئر افسر راج کمار پٹیل کا کہنا تھا کہ مرکزی مقبرے کے اندر نمی کامشاہدہ کیا گیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس جگہ پانی کے قطرے گر رہے ہیں، اس کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا یہ پانی مسلسل ٹپک رہا ہے یا یا وقفے وقفے سے؟ کسی بھی صورت میں ضرورت کےمطابق مرمت کی جائے گی۔ بارش رکنے کے بعد باغ کو دوبارہ ٹھیک کیا جائے گا۔