آئی جی پنجاب کی شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ میں شرکت ، اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی شہید پولیس اہلکار ارشد رؤف کی نماز جنازہ میں شرکت،پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید اہلکار ارشد رؤف کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ ، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہور ذیشان اصغر، ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور، ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران، ایس ایس پیز سمیت سینئر افسران و اہلکاروں نے شہید پولیس اہلکار ارشد رؤف کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے شہید کے بھائیوں ، اہل خانہ سے ملاقات کی گئی جس میں انھوں نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل ارشد رؤف نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کیا ہے، پنجاب پولیس شہید ارشد کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، ارشد رؤف شہید کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر میں کوئی کمی نہیں آئے گی، پنجاب پولیس ارشد رؤف جیسے 1600 سے شہداء اور 1700 غازیوں کی امین فورس ہے، آئی جی پنجاب کی جانب سے ہدایت جاری کی جس میں انھوں نے کہا کہ ارشد رؤف پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کانسٹیبل ارشد رؤف نے اسلام پورہ میں محافظ ٹیم کے ساتھ دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کیا، مشکوک موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ارشد رؤف کو سینے میں فائر لگا جسکے باعث وہ شہید ہوگئے، ارشد رؤف کے لواحقین میں چار بہنیں اور 03 بھائی شامل ہیں۔