کورونا اموات پر بی جے پی وزیر کا’’ بونگا‘‘ بیان وائرل

Apr 16, 2021 | 11:52:AM

(24 نیوز)بھارت  کی جن ریاستوں میں کورونا کی دوسری لہر نے قہر برپا کر رکھا ہے، ان میں مدھیہ پردیش بھی شامل ہے۔ جہاں کے وزیر پریم سنگھ پٹیل نے کورونا سے ہونیوالی اموات پر ایسا بیان دیا جس پر بھارتی عوام نے انکی ذہنیت پر سوال اٹھا دیئے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کےمطابق بدھ کے روز ریاست مدھیہ پردیش میں ریکارڈ اموات درج کی گئی اور پہلی بار ایک دن میں 51 لوگوں کی موت ہوئی۔ علاوہ ازیں ریاست میں ایکٹو مریضوں کی تعداد بھی 50 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ایسے ماحول میں مدھیہ پردیش کے وزیر پریم سنگھ پٹیل کا ایک عجیب و غریب بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کورونا پر قابو پانے کی کوشش سے پلہ جھاڑتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ان اموات کو کوئی نہیں روک سکتا‘‘۔وزیر پریم سنگھ پٹیل نے اپنے متنازعہ بیان میں کہا ہے کہ ’’کورونا سے اموات لگاتار ہو رہی ہیں، جن کوکوئی نہیں روک سکتا ۔‘‘ حالانکہ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’پورا ملک کہہ رہا ہے کہ کورونا سے بچنے کے لئے ہم سبھی لوگ تعاون کریں۔ ہم سبھی اسمبلی حلقوں میں جا کر لوگوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ ماسک پہنیں اور کورونا سے بچیں۔ ساتھ ہی لوگ سماجی فاصلہ پر عمل کریں۔ اگر کسی کو کوئی شبہ ہو تو ڈاکٹروں سے رجوع ہوں۔ حکومت نے ہر جگہ پر ڈاکٹروں کا انتظام کیا ہے۔پریم سنگھ پٹیل صرف اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئے، بلکہ انھوں نے حیرت انگیز طور پر یہاں تک کہہ دیا کہ ’’ایک عمر کے بعد سبھی لوگوں کو مرنا ہی پڑتا‘‘۔ مدھیہ پردیش کے وزیر کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور لوگ انھیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ کئی سوشل میڈیا یوزر پریم سنگھ پٹیل کی ذہنیت پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہندو شخص کی سعودی عرب میں تدفین۔۔۔ کس کی غلطی۔۔؟

مزیدخبریں