پاکستان معاشی تباہی کے دہانے پر ۔احتساب کا ڈرامہ بے نقاب ہوچکا:ن لیگی رہنما
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عمران خان وزارت عظمیٰ کیلئے فٹ نہیں، پاکستان معاشی تباہی کے دہانے پر ہے، احتساب کا ڈرامہ بے نقاب ہوچکا، مجرمانہ ذہنیت کے تحت یہ شریف فیملی کے گھر کو گرانا چاہتے ہیں، چیف سیکرٹری، کمشنر آپ نے اور آپ کے بچوں نے یہیں رہنا ہے۔
احسن اقبال نے لیگی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان وزارت عظمیٰ کیلئے فٹ نہیں، ملک میں اتنی بد انتظامی، نااہلی پہلے دیکھنے میں نہیں آئی، بجٹ بنانے میں ایک ماہ رہ گیا ہے، پاکستان معاشی تباہی کے دہانے پر ہے، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، 22 کروڑ عوام حکومت کے ہاتھوں پس رہے ہیں۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اتحاد کی ضرورت ہے، ان کے پاس کوئی ٹیم ہے نہ کوئی پروگرام، امن و امان کی صورتحال یہ ہے کہ سوشل میڈیا بند کرنا پڑ رہا ہے، ان کو یہ نہیں پتا افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے کیا اثرات ہوں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ گزشتہ 3 دنوں میں شریف فیملی کی اراضی سے متعلق انتقال کو توڑا گیا، رات جو یہ ڈرامہ کرنا چاہتے تھے وہ ناکام کیا گیا، 60 سال پرانا ریکارڈ دیکھ کر آپ کہہ رہے ہیں کہ چھٹی مل نہیں رہی، کسی دن آپ 1947 سے پیچھے جا کر یہ نہ کہہ دیں کہ پاکستان کا تو نام و نشان نہیں، یہ نہ ہو آپ پاکستان کی الاٹمنٹ پر بھی سوال اٹھا دیں، جب آپ ہمارے گھروں تک پہنچیں گے تو اس کا ردعمل صرف سیاسی احتجاج نہیں ہوگا۔لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اندھے انتقام پر احتساب کا ڈرامہ فلاپ ہو رہا ہے، بنی گالا اگر ریگولرائز ہوسکتا ہے تو آپ میاں صاحب کو بھی نوٹس دے دیں کہ 25 لاکھ جمع کرا دیں، زمان پارک کا ریکارڈ دیکھیں تو وہ بھی سٹیٹ لینڈ تھی، پورا پنجاب ہی سٹیٹ لینڈ تھا جو مختلف سکیموں کے تحت الاٹمنٹس ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: مریض زندہ۔ڈاکٹروں نے لواحقین کو کسی اور کی لاش تھما دی