وزیراعظم کے دورے پر ترجمان سندھ حکومت نے بڑا بیان دے ڈالا

Apr 16, 2021 | 18:09:PM

(24نیوز) ترجمان سندھ حکومت نے وفاقی کابینہ میں کی جانے والی تبدیلیوں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو سوچنا چاہیے کہ وزیر خزانہ بدلنے سے فرق نہیں پڑیگا، شایداب وزیراعظم تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم کے دورہ سندھ پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ ہر سال رمضان المبارک میں وزیراعظم کی سندھ میں دلچسپی ہو جاتی ہے، یہ رمضان میں کراچی آتے ہیں اور اپنے ہسپتال کیلئے چندہ مانگ کر چلے جاتے ہیں، آج بھی گورنر ہاؤس میں تقریب ہوگی، شوکت خانم ہسپتال کیلئے فنڈ ریزنگ کر کے چلے جائیں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ستمبر2020میں کراچی تشریف لاتے ہیں، جہاں وہ کراچی والوں کےلئے 1100 ارب کا اعلان کرتے ہیں، آج کراچی والے ایک بار پھر منتظرہیں کہ وہ پیسے کہاں ہیں؟ کراچی والے دیکھ رہے ہیں کہ کیا کام ہوئے کیا ڈیویلپمنٹ ہوئیں؟،50لاکھ گھر1کروڑ نوکریاں دینی تھیں مگر کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہ ہوسکا، وزیراعظم اعلانات کرتے ہیں لیکن وعدے وفا نہیں ہوتے، ا ن سے تو ماضی کے منصوبے مکمل نہیں ہو رہے، اسی لئے آج سے کپتان کا نیا نام اعلان خان تجویز کرنا چاہوں گا۔
ترجمان سندھ حکومت نے اپنی پریس کانفرنس میں وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ کھلاڑی تھے کھلاڑی ہیں اور رہیں گے، یہ معیشت اور عوام کے ساتھ کھیل رہے ہیں، وفاقی کابینہ میں کی جانے والی تبدیلیوں پر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو سوچناچاہیے کہ وزیرخزانہ بدلنے سے فرق نہیں پڑیگا، شایداب وزیراعظم تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کی عوام ابھی تک یونیورسٹی کے منتظرہیں جبکہ صورت حال یہ ہے کہ ابھی تک پی ٹی آئی والوں نے یونیورسٹی کیلئے ایک روپیہ خرچ نہیں کیا اور کپتان نے اب تک یونیورسٹی کا چارٹرڈ تک منظور نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کے فا سٹ باﺅلر نے کاﺅنٹی کرکٹ میں گوروں کو دھول چٹا دی

مزیدخبریں