(ویب ڈیسک)ایف آئی اے نے سابق مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر ، شہباز گل اور سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان سمیت 6 افراد کے نام سٹاپ لسٹ سے نکال دیئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہزاد اکبر اور شہباز گل کے نام سٹاپ لسٹ سےفوری نکالنےاور سفری پابندیاں ختم کرنے کا حکم دیاتھا۔وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) نے عدالتی حکم کی پاسداری کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام سٹاپ لسٹ سے نکال دیئے جبکہ عملدرآمد رپورٹ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروا دی گئی۔ایف آئی اے افسر ڈاکٹر رضوان، تحریک انصاف کے ڈیجیٹل میڈیا ہیڈ ارسلان خالد اور محمد نفیس گو ہر کے نام بھی سٹاپ لسٹ سے نکال دیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے شہزاد اکبر اور شہباز گل کی درخواست کی سماعت کرتےایف آئی اے سے 18 اپریل تک جواب طلب کیا تھا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ یہ سنجیدہ معاملہ ہے، کیا ملک میں مارشل لاء لگ گیا تھا؟ ایف آئی اے کب سے اتنی آزاد ہوگئی تھی کہ حکومتی لوگوں کے خلاف انکوائری شروع کی؟۔عدالت اس بات کی قطعاً اجازت نہیں دے گی، حکومت بالکل انتقامی کارروائی نہیں کرے گی۔ اب کوئی نئی ایف آئی اے آگئی ہے؟ ایف آئی اے کے کنڈکٹ کو 2 سال سے آبزرو کررہے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے اور سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ بھی طلب کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں سیاسی پاور شو.. تحریک انصاف نے بڑا قدم اٹھالیا