اداکار شتروگھن سنہا نےبی جے پی کو ’وخت‘ ڈال دیا، کتنے ووٹوں سےجیتے؟

Apr 16, 2022 | 21:57:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)مغربی بنگال کی آسنسول سیٹ اور یہاں کے بالی گنج اسمبلی سیٹ پر ہونیوالے ضمنی انتخاب میں ترنمول کانگریس پارٹی (ٹی ایم سی) نے میدان مار لیا ہے ۔ ٹی ایم سی امیدوار بالی ووڈ اداکار  شتروگھن سنہا نے 2 لاکھ سے بھی زیادہ ووٹوں سے جیت حاصل کرلی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق آسنسول کی سیٹ سے ٹی ایم سی امیدوار شتروگھن سنہا نے 2 لاکھ سے بھی زیادہ ووٹوں سے جیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار اگنی مترا پال کو کافی بڑے فرق سے ہرایا ہے۔ وہیں بالی گنج اسمبلی سیٹ پر ٹی ایم سی امیدوار بابل سپریو نے مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی (ماکپا) کی سائرا شاہ حلیم کو 19,908 ووٹوں کے فرق سے ہرایا۔بہار کی بوچہاں اسمبلی سیٹ پر ہوئے ضمنی انتخاب میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے شاندار جیت حاصل کی ہے۔ آر جے ڈی امییدوار امر پاسوان نے بی جے پی کی بیبی کماری کو 35000 سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ امر پاسوان کو 82562، جبکہ بیبی کماری کو 45909 ووٹ ملے۔ وی آئی پی کی گیتا کماری کو 29279 ووٹ ملے۔ چھتیس گڑھ کی خیرا گڑھ سیٹ پر کانگریس امیدوار نے بی جے پی امیدوار پر فیصلہ کن سبقت حاصل کرلی ہے۔ مہاراشٹر کے کولہا پور شمالی سیٹ پر بھی کانگریس امیدوار نے بی جے پی امیدوار پر جیت حاصل کرلی ہے۔ اس طرح لوک سبھا کی ایک اور اسمبلی سیٹوں کی 4 سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کا کھاتہ نہیں کھلا۔
 مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی نے آسنسول لوک سبھا کے رائے دہندگان کو ٹویٹ کرکے شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’میں آل انڈیا ترنمول کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو فیصلہ کن مینڈیٹ دینے کے لئے آسنسول پارلیمانی حلقہ اور بالی گنج اسمبلی حلقہ کے رائے دہندگان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ ہم پر اعتماد ظاہر کرنے کے لئے ایک بار پھر رائے دہندگان کو سلام‘۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور میں سیاسی پاور شو.. تحریک انصاف نے بڑا قدم اٹھالیا

مزیدخبریں