وزیراعظم نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن کی منظوری دیدی

Apr 16, 2023 | 18:15:PM

(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی منظوری دےدی، وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت لاہور میں منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں فیصلہ کیاگیا۔
وزیراعظم نے ناجائز منافع خوری اور سمگلنگ کی اطلاعات پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے سمگلنگ کے تدارک کیلئے کل اسلام آباد میں اعلی سطح اجلاس طلب کر لیا،اجلاس میں چینی سمیت دیگر اشیاکی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے ملک گیر کارروائی کی حکمت عملی تیار ہو گی ۔
وزیراعظم نے سمگلنگ ، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث کرداروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اورسخت سزا دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو سمگلروں ، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا،عوام کو ستانے والوں سے حساب لیں گے ۔
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو صوبے میں چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کے لئے موثر اقدامات اور نگرانی کی ہدایت کی، وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی تاکہ سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں سے پکڑی جانے والی چینی عوام کو معیاری قیمت پر فراہم ہو سکے ۔
وزیراعظم کی وزیر اعلیٰ پنجاب کو چینی مل مالکان سے ملاقات کی بھی ہدایت کی اور مل کر چینی کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے اقدامات کی ہدایت کی۔
یادرہے کہ گزشتہ ہفتے بھی وزیراعظم نے اس مسئلہ پر اسلام آباد میں اجلاس منعقد کیا تھا ،وزیراعظم کے اقدامات سے چینی کی قیمت 92 روپے کلو پر واپس آئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 'ہیکل اینڈ جیکل' کی پریس کانفرنس کارٹون نیٹ ورک پر چلائی جائے، طلال چودھری

مزیدخبریں