(24 نیوز )سابق گورنر مقبوضہ کشمیر کے پلوامہ اٹیک بارے انکشافات کے بعد ترجمان دفتر خارجہ کا بھی بیان آ گیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ پلوامہ اٹیک بارے پاکستانی مؤقف جیت ہوئی ہے ۔
تفصیلات کےمطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پلوامہ حملے سے متعلق سابق گورنر مقبوضہ کشمیر کا انکشاف پاکستانی مؤقف کی حمایت ہے،ستیہ پال ملک کے پلوامہ حملے کے بیان نے پاکستانی مؤقف کی تصدیق کی ہے، پلوامہ حملے کے بارے میں تازہ ترین انکشافات پاکستانی مؤقف کی حمایت ہیں ، بھارت پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات سے اپنے شرمناک بیانیے اور سیاسی ایجنڈے کو فروغ دیتا ہے، امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری تازہ ترین انکشافات کا نوٹس لے گی، عالمی برادری پاکستان کے خلاف جھوٹ اور فریب پر مبنی بھارتی پروپیگنڈا مہم کا نوٹس لے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے بھارت کو تازہ ترین انکشافات میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے، بھارت کو پلوامہ حملے کے بعد علاقائی امن متاثر کرنے والے اقدامات کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے، پاکستان بھارت کے جھوٹے اور اشتعال انگیز بیانیے کے خلاف مضبوطی اور ذمہ داری سے کام کرتا رہے گا۔
یاد رہے مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پلوامہ حملے کا پہلے سے علم تھا، انہوں نے جان بوجھ کر بھارتی فوجیوں کو مرنے دیا۔