محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی

Apr 16, 2023 | 22:23:PM

(24 نیوز )گرمی کی شدت سے نڈھال روزہ داروں کو محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنا دی ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق  موسم کی صورتحال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پیرکے روز  اسلام آباد میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے،اسلام آباد میں شام یا رات کے وقت تیز ہواؤں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقو ں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، جن میں علاقوں میں بارش کی تعوقع ظاہر کی گئی ہے ان میں چترال، دیر، سوات،  مانسہرہ،ایبٹ آباد، چارسدہ، مردان، پشاور اور کوہاٹ شامل ہیں۔ 

کرم،وزیرستان، ڈی آئی خان، بنوں، شا نگلہ، بو نیر اور خیبر میں بھی تیز ہواؤں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان  ظاہر کیا گیا ہے ، بعض مقامات پر ژالہ باری موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے ،پنجاب کےبیشتر اضلاع میں موسم خشک اور جزوی ابرآلود رہے گا، مری، گلیات ، خطہ پو ٹھو ہار ،راولپنڈی، اٹک، چکوال میں شام یا رات میں تیز ہواؤں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کوئٹہ ، ژوب، زیارت، چمن، پشین، قلات ، خضدار، بارکھان، نصیر آباد، پنجگور اور آواران میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ  تیز ہواؤں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، سندھ کےبیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، سکھر،لاڑکانہ، دادو اور گردونواح میں گردآلودہوائیں چلنے کا امکان ہے ،  گلگت بلتستان اور کشمیر  میں  تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں