(24 نیوز) ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ لاہور اور سنگت ڈویلپمنٹ فاﺅنڈیشن کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق سنگت ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن اور لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ (ایل جی سی ڈی) لاہور کے مابین خاتون سہولت مرکز کے قیام کےلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ لاہور کی طرف سے جناب نوید سردار ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ لاہور اور سنگت ڈویلپمنٹ فاونڈیشن کی طرف سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب زاہد اسلام نے دستخط کئے۔
سنگت ڈویلپمنٹ فاونڈیشن کے توسیعی پراجیکٹ ’بولو اور بڑھو‘ (مقامی حکومتوں میں بہتر شراکت کے لیے خواتین کو متحرک کرنا) کے تحت قائم ’خاتون سہولت مرکز‘ میں مقامی خواتین کو بلدیاتی و سماجی مسائل پر رانمائی و معاونت فراہم کی جاتی ہے، خاتون سہولت مرکز میں خواتین سٹاف ہی شکایات کنندگان کی نہ صرف شکایات درج کرتی ہیں بلکہ فالو اپ بھی کرتی ہیں، یہ پروجیکٹ دراصل خواتین کو مین سٹریم کرنے کی عملی کوشش ہے کہ جس کے نتیجے میں خواتین بلدیاتی مسائل کی نشاندہی کے لئے متحرک ہوتی ہیں۔
پروجیکٹ پر عملدرآمد کے لئے ایس ڈی ایف (SDF) کو جرمن ادارہ جی آئی زیڈ کی مدد کے ساتھ ساتھ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ، پنجاب کی سرپرستی حاصل ہے، تقریب میں سنگت ٹیم کے علاوہ یونین کونسل رائیونڈ کے سٹاف نے شرکت کی۔