(اویس کیانی) وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک سعودی تعلقات مذہبی و ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں ، ان برادرانہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں ، سعودی وفد کی موجودگی دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور مستقل روابط کو واضح کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات علاقائی امن و استحکام کیلئے اہم ہیں، پاکستان میں توانائی خصوصاً قابل تجدید توانائی ذرائع میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔
وزیرخارجہ اسحاق ڈارنے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب بہترمستقبل کیلئے کوشاں ہیں، آئی ٹی اور کان کنی کے شعبے میں تعان دونوں ممالک کیلئے مفید ہیں ، پاکستان سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرے گا ،دونوں ممالک کے باہمی تعاون سے بہترین نتائج کی امید ہے ۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ہماری شراکت داری مشترکہ اہداف اورخوشحالی مستقبل پر ہے ، ایس آئی ایف سی سے سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے میں مددملے گی۔