(ویب ڈیسک)ریلویز پولیس نے بلوچستان میں چلنے والے ٹرینوں کی سیکیورٹی کے لئے نیا پلان تشکیل دے دیا۔
آئی جی ریلویز رائے محمد طاہر نے کہا ہے کہ کوئٹہ سے چلنے والی ٹرینوں میں سیکیورٹی نفری کی تعداد دو گنا بڑھا کر 40 اہلکار کر دی گئی ہے۔
آئی جی ریلویز پولیس نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وائرلیس سسٹم کو اپ گریڈ کرکے بلا تعطل کمیونیکیشن کا نظام بھی فعال کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت انسدادِ منشیات کے ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے تیار ہے، محسن نقوی
آئی جی ریلویز رائے محمد طاہرنے کہاکہ سبی اور مچھ ریلوے اسٹیشنوں کی باؤنڈری وال تعمیر کی جائے گی، وہاں برجیاں بنا کر سنائپر تعینات کئے جائیں گے۔
نئے سسٹم سے کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ریلویز پولیس کا کمیونیکیشن سسٹم بہتر طور پر کام کرے گا، سیکیورٹی کے پیش نظر 5 بلٹ پروف بوگیوں کی تیاری بھی جاری ہے،ان بلٹ پروف بوگیوں پر لانگ رینج رائفل، نائٹ ویژن سیکیورٹی آلات لگائے جائیں گے۔