(روزینہ علی،رومل الیاس)وفاقی دارالحکومت میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں موسم شدید ہو گیا،محکمہ موسمیات نے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آج رات خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد میں چند مقامات پر آندھی جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بعض مقامات پر موسلادھار بارش ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ جہلم، گجرات، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش کا امکان ہے ،آئندہ 4 سے 6 گھنٹوں میں سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد اور لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔
ادھرسرگودھا، جھنگ، قصور، ساہیوال اور بہاولنگر میں گرد آلود آندھی اور بارش کی پیشگوئی ہے،منڈی بہاؤالدین، پاکپتن اور اوکاڑہ میں بعض مقامات پر اولے پڑنے کا بھی امکان ہے،لاہور کے متعدد علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چل پڑیں،ہوائیں چلنے سے شہر درجہ حرارت میں کمی موسم خوشگوار ہوگیا،لاہور کا موجود درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،لاہور میں الصبح 5 بجے تک درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ اور گرد و نواح میں گرد آلود طوفان ہے،گرد آلود طوفان شروع ہوتے ہی بجلی غائب ہو گئی،بجلی بند ہونے سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیااورشہری پریشان ہیں۔
وزیرآباد اور گردو نواح میں گرد آلود طوفان کے باعث گیپکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے، ضلع بھر کے کئی علاقوں میں گیپکو کے فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی بند ہو گئی، ادھرنارووال شہر اور گردونواح میں تیز گرد آلود ہوائیں شروع ہوگئیں،تیز ہواؤں کے بعد گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی۔
ڈسکہ شہر اور گردونواح میں گرد آلود ہوائیں کے ساتھ بارش شروع ہو گئی ،گرد آلود ہوائیں شروع ہوتے ہی بجلی غائب ہو گئی، تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ گرمی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
منڈی بہاءالدین شہر اور گردونواح میں تیز گرد آلود ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش شروع ہو گئی، تیز ہوائیں چلنے اور بارش ہونے سے گرمی کی شدت میں کمی محسوس کی گئی جبکہ گیپکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
شکرگڑھ شہر اور گردونواح میں آندھی و طوفان وچکڑ کا راج ہے،تیز ہواؤں سے بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے اوربجلی معطل ہو گئی،آندھی و طوفان سے کئی ہولڈنگ بورڈ گرگئے۔
نوشہرہ ورکاں اور گردونواح میں تیز آندھی، گرد آلود ہواؤں کے ساتھ بونداباندی جاری ہے،نارووال شہراور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش شروع ہو گئی، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا،تیز آندھی اوربارش کے ساتھ ہی بجلی کے تمام فیڈر بندکر دیئے گئے۔