پاکستان میں سرمائی سیاحت کے فروغ کیلئے آئی اے بی کے ارکان کے اعزاز میں تقریب

Apr 16, 2025 | 21:39:PM
پاکستان میں سرمائی سیاحت کے فروغ کیلئے آئی اے بی کے ارکان کے اعزاز میں تقریب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (اویس کیانی)پاکستان میں سرمائی سیاحت اور سکیٔنگ کے فروغ کے حوالے سے مالم جبہ سکائی ریزورٹ انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ کی پاکستان آمدہوئی ہے۔

ملم جبہ سکائی ریزورٹ نے منگل کے روز اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں انٹرنیشنل ایڈوائزری بورڈ (IAB) کے ارکان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس کا مقصد پاکستان میں سرمائی سیاحت اور اسکیئنگ کے فروغ کی کوششوں کو آگے بڑھانا تھا۔

تقریب میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ سطحی معززین، سیاحت کے شعبے کے سٹیک ہولڈرز اور بین الاقوامی مشیران نے شرکت کی۔ شرکا نے پاکستان میں عالمی معیار کی اسکیئنگ سہولیات کی ترقی، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے امکانات اور مقامی سیاحت کو فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو کی۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، IAB کے چیئرمین لارڈ سرفراز آف کنسنگٹن، لارڈ لنکاسٹر آف کمبولٹن (سابق نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر برطانیہ)، وقار ملک (ایمبیسیڈر ایٹ لارج)، احمر بلال صوفی (سابق وفاقی وزیر) اور یوسف جمال شاہ (سینئر وکیل و سیکرٹری بورڈ) اس اہم تقریب میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لارڈ سرفراز آف کنسنگٹن نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقے، خصوصاً ملم جبہ، قدرتی حسن اور سرمائی کھیلوں کے بے پناہ امکانات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا "پاکستان کو ایک ممتاز اسکیئنگ مقام کے طور پر فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری نہایت ضروری ہے، تاہم ہمیں مقامی لوگوں کی شمولیت کو بھی یقینی بنانا ہوگا تاکہ ترقی کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچ سکیں۔"

سابق وفاقی وزیر احمر بلال صوفی نے کہا "پاکستان میں پہلے ہی سے مناسب اسکیئنگ انفراسٹرکچر موجود ہے۔ قدرت نے ہمیں ایسے حسین قدرتی مناظر سے نوازا ہے جو بین الاقوامی اسکیئنگ مقابلوں کے لیے موزوں ہیں۔ اگر درست حکمت عملی اختیار کی جائے تو پاکستان جلد ہی ایک عالمی اسکیئنگ مرکز بن سکتا ہے۔"

تقریب میں پائیدار سیاحت، بین الاقوامی تعاون، اور پاکستان کو عالمی اسکیئنگ نقشے پر اجاگر کرنے کے لیے مختلف تجاویز اور حکمت عملیوں پر بھی غور کیا گیا۔

تقریب کا اختتام ایک نئے عزم اور امید کے ساتھ ہوا کہ پاکستان کو مستقبل قریب میں سرمائی کھیلوں کا عالمی مرکز بنایا جائے گا۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - قومی
ٹیگز: