حسن علی کے خلاف نامناسب زبان کا استعمال۔۔ویسٹ انڈیز کے باﺅلر کو سزا مل گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک) کنگسٹن ٹیسٹ میں حسن علی کو آئوٹ کرنے کے بعد نامناسب زبان استعمال کرنے والے ویسٹ انڈین بولر جیڈن سیلس کو سزا مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ویسٹ انڈین بولر جیڈن سیل کی گفتگو کو کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا ہے۔یہ واقعہ پاکستان کی پہلی اننگز کے 70 ویں اوور میں پیش آیا جب سیلس نے حسن علی کو آئوٹ کرنے کے بعد انہیں نامناسب الفاظ کہے جوکہ حریف کرکٹر کو بھڑکانے کا باعث بن سکتے تھے۔
آن فیلڈ امپائرز گریگوری بریتھ ویٹ، جوئیل ولسن، نائجل ڈوگیڈ اور ٹی وی امپائر لیسلی ریفر نے ان پر کوڈ آف کنڈیکٹ کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کا چارج عائد کیا۔
میچ ریفری رچی رچرڈسن نے اس پر ان کی سرزنش کی جس کی آئی سی سی کرکٹ آپریشن ڈیپارٹمنٹ نے توثیق کی، جیڈن سیلس نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سزا بھی قبول کی جس کی وجہ سے باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔
جیڈن سیلس ٹیسٹ اننگز میں 5 وکٹوں کا کارنامہ انجام دینے والے کم عمر ترین ویسٹ انڈین بولر بن گئے، انہوں نے یہ کارنامہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران انجام دیا، سیلس نے 19 برس اور 336 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا، جیڈن نے 55 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے کم عمر ترین بولر کا اعزاز الفریڈ لوئس ویلنٹائن کے نام تھا، جنہوں نے 20 برس اور 41 دن کی عمر میں انگلینڈ کے خلاف 1950 میں یہ کارنامہ انجام دیاتھا۔
یہ بھی پڑھیں:کابل ہوائی اڈے پر امریکی فورسز کی ہوائی فائرنگ۔۔ پانچ افراد ہلاک